معروف ماہرِ معاشیات ڈاکٹر محمد عمر چھاپرا93 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

معروف ماہرِ معاشیات ڈاکٹر محمد عمر چھاپرا93 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
کیپشن: معروف ماہرِ معاشیات ڈاکٹر محمد عمر چھاپرا93 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

ویب ڈیسک: دنیا کے ممتاز اسلامی ماہرِ معاشیات اور پاکستانی نژاد سعودی اسکالر ڈاکٹر محمد عمر   چھاپرا 93 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، جس پر علمی، معاشی اور دینی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

مرحوم کی نمازِ جنازہ آج مسجد الحرام میں ادا کی گئی، جبکہ انہیں مکہ مکرمہ کے تاریخی قبرستان جنت المعلیٰ میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

ڈاکٹر محمد عمر  اسلامی معاشیات کے میدان میں ایک معتبر اور عالمی شہرت یافتہ شخصیت تھے۔ انہوں نے سعودی عرب کی مانیٹری ایجنسی (ساما) اور اسلامی ترقیاتی بینک سمیت مختلف اہم اداروں میں خدمات انجام دیں اور اسلامی مالیاتی نظام کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔

اسلامی معاشیات، بینکاری اور مالیاتی پالیسیوں کے حوالے سے ان کی تحقیقی خدمات کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔ انہوں نے متعدد کتابیں اور تحقیقی مقالات تحریر کیے، جو آج بھی جامعات، تحقیقی اداروں اور پالیسی ساز حلقوں کے لیے اہم حوالہ سمجھے جاتے ہیں۔

ان کی علمی اور تحقیقی خدمات کے اعتراف میں انہیں 1990ء میں شاہ فیصل انٹرنیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا، جو اسلامی دنیا کے معتبر ترین اعزازات میں شمار ہوتا ہے۔

ڈاکٹر محمد عمر کے انتقال کو اسلامی معاشیات کے شعبے کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ان کی علمی میراث آنے والی نسلوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ بنی رہے گی۔

Watch Live Public News