خاتون جج کودھمکی کا کیس،عمران خان کےوارنٹ گرفتاری معطل

خاتون جج کودھمکی کا کیس،عمران خان کےوارنٹ گرفتاری معطل
سیشن کورٹ اسلام آباد نےعمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری 16 مارچ تک معطل کردیئے۔ سیشن کورٹ اسلام آبا د میں خاتون جج دھمکی کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔سیشن کورٹ اسلام آباد نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد 16 مارچ تک روک دیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکلا نعیم حیدر اور انتظار حیدر عدالت میں پیش ہوئے،وکیل انتظار حیدر نے دلائل دیے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر لگائی گئی تمام دفعات قابلِ ضمانت ہیں۔ جج نے استفسار کیا کہ کیا اس سے پہلے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے تھے؟ وکیل نے بتایا کہ کیس میں قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری نہیں ہوئے۔عمران خان سابق وزیراعظم ہیں، سیکیورٹی مہیا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔حکومت نے عمران خان سے سیکیورٹی واپس لے لی ہے۔ جج نے سوال کیا کہ کوئی ایسا خط جس میں لکھا ہو کہ عمران خان کی سیکیورٹی واپس لے لی گئی؟ کل تک متعلقہ خط پیش کردیں۔کچہری میں 2014 میں حملہ ہوا، کیا اس کے بعد کچہری منتقل ہوئی ؟ عمران خان کی حکومت تھی لیکن پھر بھی کچہری منتقل نہیں ہوئی۔آپ نے اپنے دور حکومت میں کچہری کو شفٹ نہیں کروایا۔عمران خان کی الیکشن مہم تو شروع ہے۔ جج نے ریمارکس دیے کہ عمران خا ن جوڈیشل کمپلیکس پیش ہوئے لیکن کچہری تو پیش نہیں ہوئے۔نام تو تحریکِ انصاف ہے لیکن کیا کیا ہے؟ باتیں تو بہت ہوتی ہیں، تحریکِ انصاف کی کوئی ایک لیگل ریفارم بتا دیں۔ویڈیو لنک پر بات ہو سکتی ہے لیکن لیگل ریفارم پر آپ کا دھیان ہی نہیں ہے۔ جج نے کہا ہے کہ عمران خان پہلے بھی کچہری آ چکے ہیں، دوبارہ بھی آ سکتے ہیں۔عمران خان کو کیس کی نقول فراہم کرنی تھیں، اس لیے عدالت نے بلایا۔ملزم کو ہی کیس کی نقول فراہم کی جاتی ہیں کسی اور کو نہیں دی جاتیں۔ عدالت نے وکلاء کو عمران خان کی سیکیورٹی واپس لینے سے متعلق دستاویزات عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ سیشن کورٹ اسلام آبا د نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 16 تک ملتوی کردی۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے خاتون جج دھمکی کیس میں جاری ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری چیلنج کیے تھَے۔ یاد رہےکہ گذشتہ روز اسلام آباد کے سول جج نے خاتون جج کو دھمکی دینے سے متعلق کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ واضح رہے کہ عدالت کی جانب سے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری ہونے پر اسلام آباد پولیس کل بذریعہ ہیلی کاپٹر عمران خان کی گرفتاری کے لیے لاہور پہنچی تھی لیکن ان کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ اس کے علاوہ اسلام آباد کی ہی عدالت نے توشہ خانہ کیس میں بھی عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بحال کردیے ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔