ویب ڈیسک: شادی کسی بھی فرد کی زندگی بدل دینے والا لمحہ ہوتی ہے مگر مردوں میں اس سے ایک عجیب منفی اثر کا خطرہ بڑھتا ہے، شادی کے بعد مردوں میں موٹاپے کا خطرہ نمایاں حد تک بڑھ جاتا ہے مگر حیرت انگیز طور پر خواتین اس سے متاثر نہیں ہوتیں۔
یہ دعویٰ پولینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا، تحقیق کے لیے 2405 افراد کے میڈیکل اور عمومی صحت کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا، ان افراد کی اوسط عمر 50 سال تھی اور یہ دیکھا گیا کہ عمر، ازدواجی حیثیت، دماغی صحت اور دیگر عناصر کس حد تک جسمانی وزن میں اضافے میں کردار ادا کرتے ہیں۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ شادی شدہ مردوں میں موٹاپے کا امکان غیر شادی شدہ مردوں کے مقابلے میں 3.2 گنا زیادہ ہوتا ہے البتہ شادی شدہ خواتین میں یہ خطرہ نہیں بڑھتا۔
شادی کے بعد مردوں کے جسمانی وزن میں اضافے کا امکان 62 فیصد اور خواتین کے وزن میں اضافے کا امکان 39 فیصد تک بڑھ جاتا ہے، اس تحقیق کے نتائج یورپین کانگریس آف اوبیسٹی میں پیش کیے گئے۔
اس سے قبل 2024 میں چائنیز اکیڈمی آف سوشل سائنس کی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ شادی سے مردوں کے جسمانی وزن میں اضافے کا امکان 5.2 فیصد تک بڑھ جاتا ہے جبکہ موٹاپے کا خطرہ ڈھائی فیصد زیادہ ہوتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ شادی کے بعد مردوں کے جسمانی وزن میں اضافے کا امکان اس لیے بڑھتا ہے کہ وہ زیادہ کھانے لگتے ہیں جبکہ ورزش کا دورانیہ گھٹ جاتا ہے، شادی کے بعد 5 سال کے اندر مردوں کے جسمانی وزن پر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
البتہ خواتین میں اس حوالے سے کوئی خاص فرق دریافت نہیں ہوا۔