برطانیہ کی اسرائیل کو ایف 35 پرزوں کی فراہمی عدالت میں چیلنج

برطانیہ کی اسرائیل کو ایف 35 پرزوں کی فراہمی عدالت میں چیلنج
کیپشن: برطانیہ کی اسرائیل کو ایف 35 پرزوں کی فراہمی عدالت میں چیلنج

ویب ڈیسک: انسانی حقوق کے لیے سرگرم فلسطینی تنظیم "الحق" نے برطانیہ کی جانب سے اسرائیل کو امریکی ساختہ ایف 35 لڑاکا طیاروں کے پرزوں کی فراہمی کو عدالت میں چیلنج کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، تنظیم نے برطانوی ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسرائیل کو مہلک جنگی طیاروں کے پرزے دینا جنگی جرائم میں سہولت کاری کے مترادف ہے۔

درخواست گزار وکیل نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ" برطانیہ نے عالمی قانون کو درست طور پر نہیں سمجھا۔ یہ فراہمی نہ صرف غیر اخلاقی بلکہ قانونی طور پر بھی قابل اعتراض ہے۔"

غزہ کی صورتحال: ایک انسانی المیہ

وکیل نے مزید کہا کہ "غزہ میں اکتوبر 2023 سے اب تک 55 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، اور صرف 18 ماہ میں اسرائیل نے ایک پورا معاشرہ تباہ کر دیا۔"

یاد رہے کہ برطانیہ نے گزشتہ سال اسرائیل کو اسلحہ فراہمی کے متعدد لائسنس معطل کر دیے تھے، تاہم ایف 35 کے پرزوں کی فراہمی پر استثنیٰ دیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق یہ استثنیٰ برطانوی ڈیفنس سیکرٹری کے مشورے پر دیا گیا تھا، جس پر اب سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

حکومتی مؤقف اور سیاسی دباؤ

برطانوی حکومت کا مؤقف ہے کہ "ایف 35 پرزوں کی فراہمی عالمی امن اور سلامتی پر گہرا اثر ڈال سکتی ہے۔"

تاہم جنگ مخالف برطانوی ارکانِ پارلیمنٹ نے اس عدالتی اقدام کی حمایت کی ہے۔

مقدمے کا فیصلہ آئندہ چند روز میں سنایا جائے گا، جس کے خطے کی سیاست اور برطانیہ کی بین الاقوامی ساکھ پر گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

Watch Live Public News