لاہور: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ جاری ہے۔ مہمان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 269 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کا کھیل جاری ہے۔ جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 269 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ہے۔ مہمان ٹیم کی جانب سے ٹونی ڈی زورزی 104 جبکہ ریان رکیلٹن 71 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ قومی ٹیم کی جانب سے نعمان علی نے 6 اور ساجد خان نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پاکستان کو میچ میں 109 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلی اننگز میں 378 رنز بنا رکھے تھے۔ قومی ٹیم کی جانب سے امام الحق اور سلمان علی آغا نے 93،93 رنز بنائے تھے۔ کپتان شان مسعود 76 ، محمد رضوان 75، بابراعظم 23 ، عبد شفیق نے 2 سکور بنائے۔ شاہین شاہ آفریدی 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ساجد خان، نعمان علی اور سعود شکیل صفر پر ہی آؤٹ ہوگئے۔