ایشیا کپ 2025 میں پاک بھارت میچ سے قبل بھارت میں سوشل میڈیا پر بائیکاٹ مہم زور پکڑ گئی، تاہم بی سی سی آئی نے واضح کر دیا ہے کہ میچ شیڈول کے مطابق ہوگا۔
بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز سے گفتگو میں بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیوجیت سائیکیا نے بتایا کہ پاکستان کے خلاف میچ نہ کھیلنا صرف ایک میچ کا معاملہ نہیں، بلکہ اس سے بھارت کے اولمپکس اور کامن ویلتھ گیمز کی میزبانی پر بھی منفی اثر پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ بی سی سی آئی کا نہیں، بلکہ مرکزی حکومت کی پالیسی کے تحت لیا گیا ہے۔ چونکہ یہ کثیرالملکی ایونٹ ہے، بھارت کا حصہ لینا ضروری ہے۔
یاد رہے کہ پہلگام حملے کے بعد ایشیا کپ کا شیڈول سامنے آتے ہی بھارتی شائقین نے سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف بائیکاٹ کا مطالبہ شروع کیا تھا۔
بی سی سی آئی سیکرٹری نے اس حوالے سے کہا کہ بھارت عالمی سطح پر کھیلوں سے کٹ کر نہیں رہ سکتا۔ اگر ہم میچ نہیں کھیلتے تو بین الاقوامی سطح پر سخت نقصان ہو سکتا ہے۔
انہوں نے تصدیق کی کہ پاکستان کے خلاف میچ اتوار کو شیڈول کے مطابق کھیلا جائے گا۔