ویب ڈیسک: جنوبی پنجاب میں سیلاب سے صورت حال مزید سنگین ہونے کے باعث ملتان کی تحصیل جلال پور پیر والا کے مقام پر M5 موٹروے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے جب کہ پی ڈی ایم اے کے مطابق موٹر وے کو بچانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
جنوبی پنجاب میں سیلاب سے ہر سو تباہی ہے، ملتان کی تحصیل شجاع آباد اور جلالپور پیروالامیں سیلاب نے درجنوں دیہات کو ڈبودیا، جس کے باعث ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں برباد ہوگئیں۔
لیاقت پور میں دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کے باعث پانی منچن بند سےٹکرا گیا، جس سے کئی جگہوں پر شگاف پڑنے لگے اور 300 سے زائد گھر دریا برد ہوگئے۔
متاثرین نے منچن بند پر ڈیرے ڈال لیے ہیں جب کہ تحصیل علی پور میں 14 موضع جات کے سیکڑوں دیہات پانی کی نذرہوگئے۔
پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے الرٹ جاری کیا ہے، جس کے مطابق جلال پور پیروالا کے مقام پر ایم 5 موٹر وے پر بریچ کا خطرہ ہے، جس کے باعث سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان کاٹھیا کے مطابق سیلابی پانی کے کٹاؤ کے باعث موٹروے میں بریچنگ کا خدشہ ہے، پی ڈی ایم اے پنجاب، این ایچ اے اور متعلقہ انتظامیہ موٹروے کے بچاؤ کے لیے اقدامات کر رہے ہیں جب کہ موٹروے کو بڑے کٹاؤ سے بچانے کے لیے سینڈ بیگ اور پتھر استعمال کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں جلال پور پیر والا میں پانی میں واضح کمی ہوجائے گی، پنجاب کے دریاؤں میں پانی کے بہاو میں تیزی سے کمی ہو رہی ہے، پنجند کے مقام پر پانی کا بہاؤ کم ہو کر 3 لاکھ 92 ہزار ہو گیا ہے جب کہ گڈو بیراج پر پانی کا بہاؤ 6 لاکھ 27 ہزار کیوسک ہے۔
ترجمان موٹروے کے مطابق موٹروے پولیس ٹریفک کو متبادل راستوں سے گزار رہی ہے، این ایچ اے حکام کی درخواست پر ٹریفک کے لیے ڈائیورشنز لگا دی گئیں۔