میر رضا کیس: پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ کا دھمکیاں ملنےکا انکشاف

میر رضا کیس: پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ کا دھمکیاں ملنےکا انکشاف
کیپشن: میر رضا کیس: پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ کا دھمکیاں ملنےکا انکشاف

ویب ڈیسک: میر رضا کیس کی سماعت کے دوران پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ نے جوڈیشل کمیشن کے سامنے مبینہ دھمکیوں کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پیغام دیا گیا کہ اگر موت کو خودکشی قرار دیا جائے تو ان کے ساتھ ’’ہلکا ہاتھ‘‘ رکھا جائے گا۔

ڈاکٹر سمیہ نے بتایا کہ گزشتہ دو روز سے موٹر سائیکل پر ان کا پیچھا کیا گیا اور انہیں دھمکیاں بھی دی گئیں۔ ان کے مطابق اس معاملے پر انہوں نے این سی سی آئی اے میں شکایت درج کرائی اور متعلقہ حکام کو بھی آگاہ کیا۔

ڈاکٹر سمیہ نے کہا کہ انہوں نے اس کیس میں اپنی ملازمت اور کیریئر داؤ پر لگایا ہے، تاہم اگر دوبارہ ایسی صورتحال کا سامنا ہوا تو وہ اپنا مؤقف برقرار رکھیں گی۔

سیکیورٹی سے متعلق سوال پر ڈاکٹر سمیہ نے پولیس سیکیورٹی لینے سے انکار کردیا۔ جسٹس عمر سیال نے انہیں رینجرز سیکیورٹی کی پیشکش کی، تاہم ڈاکٹر سمیہ نے کہا کہ انہیں اپنی نہیں بلکہ اپنے خاندان کی فکر ہے۔

انہوں نے کمیشن کو بتایا کہ ان کے شوہر کا نام اور گھر کا نام بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا۔ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے جوڈیشل کمیشن نے وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر داخلہ کو خطوط لکھنے کی ہدایت کردی۔

ڈاکٹر سمیہ کے مطابق میر رضا کے دونوں ہاتھوں سے گن شاٹ ریزیڈیو (GSR) بھی ملا تھا۔

ڈاکٹر اسامہ کے مبینہ وائرل بیان سے متعلق ڈاکٹر سمیہ نے وضاحت کی کہ ان کے نام سے یہ بات گردش کر رہی ہے کہ انہوں نے ڈاکٹر اسامہ کو پھنسایا اور وہی انہیں اس معاملے سے نکالیں گی، تاہم انہوں نے کمیشن کے سامنے اس بیان کی تردید کردی۔

ڈاکٹر سمیہ نے مزید کہا کہ اگر کیس کے بعد ان کی ملازمت برقرار رہی تو وہ مستقبل میں پوسٹ مارٹم کی کارروائی کو کیمرے پر ریکارڈ کرنے کا انتظام کریں گی۔

Watch Live Public News