اسلام آباد (پبلک نیوز) وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر سے جاپانی سفیر کی ملاقات، وزیر خزانہ نے حکومت جاپان کی جانب سے پاکستان میں بنیادی ڈھانچے اور ادارہ جاتی ترقی کے لئے تعاون کو سراہا۔ وزیر خزانہ نے جاپانی سفیر کو معیشت کے لیے حکومتی اقدامات اور اصلاحات سے آگاہ کیا۔
جاپانی سفیر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان اور جاپان نے گزشتہ برسوں میں خوشگوار اور دوستانہ تعلقات استوار کیے ہیں۔ جاپان پاکستان کے ساتھ اپنے باہمی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کے مابین کاروباری اور معاشی روابط مزید مستحکم ہوں گے۔
حماد اظہر نے کہا کہ جاپان پاکستان کا ایک اہم ترقیاتی شراکت دار ہے۔ مالی نظم و ضبط پر سختی سے عمل کرنے کی وجہ سے پاکستان کا بنیادی خسارہ سرپلس میں تبدیل ہوگیا ہے۔ کورونا کے خلاف پاکستان کی پالیسیاں بہتر ثابت ہوئیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں جدید تجارتی مصنوعات اور خدمات کی بڑھتی ہوئی طلب کے دوران جاپانی سرمایہ کاروں اور تاجروں کو سرمایہ کاری کے لیے آسانی فراہم کریں گے۔
وزیر خزانہ نے جاپان کی جانب سے آٹوموبائل سیکٹر اور دیگر شعبوں میں قیمتی سرمایہ کاری کو سراہا۔