14 سال بعد "چھمک چھلو" پر کرینہ کپور کےرقص کی ویڈیو وائرل

14 سال بعد
کیپشن: 14 سال بعد "چھمک چھلو" پر کرینہ کپور کےرقص کی ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک:دبئی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران بالی ووڈ کی نامور اداکارہ کرینہ کپور خان نے 14 سال بعد ایک بار پھر اپنے مشہور گانے ’ چھمک چھلو‘ پر اسٹیج پر رقص کر کے شائقین کے دل جیت لیے۔

تفصیلات کے مطابق کرینہ کپور ہمیشہ ہی فیشن شوز، ریڈ کارپٹ اور ویڈیوز میں اپنی موجودگی سے سب کی توجہ کا مرکز بنی رہتی ہیں مگر اس بار سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو نے شائقین کو ماضی کی یاد دلادی۔

اس موقع پر کرینہ نے معروف ڈیزائنر ترن تہلیانی کی بنائی ہوئی ہلکے سبز رنگ کی ساڑھی اور کرسٹ بلاؤز زیب تن کیا جس کے ساتھ ایک نمایاں ہار ان کی شخصیت کو مزید نکھار رہا تھا مگر جس چیز نے سب سے زیادہ توجہ حاصل کی، وہ تھا ان کا ’ چھمک چھلو‘ پر روایتی بھارتی انداز میں جھومتے ہوئے رقص۔

یاد رہے کہ 2011 میں ریلیز ہونے والی فلم ’را ون‘ میں کرینہ کپور اور شاہ رخ خان کی جوڑی نے اسی گانے پر پرفارمنس دی تھی، جو ایک آئٹم سانگ ہونے کے باوجود آئیکونک حیثیت اختیار کر گیا۔ آج بھی یہ نغمہ مداحوں میں بے حد مقبول ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کرینہ کپور نے نہ صرف اپنا پرانا جوش و خروش برقرار رکھا بلکہ ان کے مخصوص ٹھمکوں نے تقریب کے شرکاء کو بھی جھومنے پر مجبور کر دیا۔ مداحوں نے سوشل میڈیا پر ان کی واپسی کو خوب سراہا اور پرانی یادیں تازہ کر ڈالیں۔

Watch Live Public News