ویب ڈیسک: لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں شادی کا جھانسہ دے کر خاتون سے جنسی زیادتی کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
پنجاب پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون نے 15 ایمرجنسی ہیلپ لائن پر کال کر کے اطلاع دی کہ ملزم نے شادی کا وعدہ کر کے اعتماد حاصل کیا اور بعد ازاں اسے تنہائی میں ملاقات کے لیے بلایا۔ خاتون کا کہنا تھا کہ ملزم نے ایک مقامی ہوٹل میں ملاقات کے دوران نشہ آور چیز پلائی اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن نے فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ تھانے کو روانہ کیا، جہاں پولیس نے بروقت پہنچ کر خاتون کو تحفظ فراہم کیا اور ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔
خاتون کے مطابق، ملزم دبئی میں مقیم تھا اور کچھ وقت کے لیے پاکستان آیا ہوا تھا۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کے ذریعے اب تک تین لاکھ پچاس ہزار سے زائد خواتین مدد حاصل کر چکی ہیں۔ ترجمان سیف سٹی کا کہنا تھا کہ یہ پلیٹ فارم خواتین کے لیے ایک بااعتماد ذریعہ بن چکا ہے جہاں وہ فوری مدد کے لیے 15 پر کال کرنے کے بعد 2 کا بٹن دبا کر رسائی حاصل کر سکتی ہیں۔