گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں شدیدبارشیں،گلیشئرپھٹنے سے تباہی،70افراد جاں بحق

گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں شدیدبارشیں،گلیشئرپھٹنے سے تباہی،70افراد جاں بحق
کیپشن: گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں شدیدبارشیں،گلیشئرپھٹنے سے تباہی،17افراد جاں بحق

ویب ڈیسک: گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں شدید بارشوں اور گلیشیئر پھٹنے کے واقعات نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی۔ ندی نالوں میں طغیانی، سیلابی ریلے، لینڈ سلائیڈنگ اور رابطہ سڑکوں کی بندش کے باعث نظامِ زندگی مفلوج ہوگیا، جبکہ مختلف حادثات میں 70 افراد جاں بحق اور درجنوں لاپتہ ہوگئے۔

گلگت بلتستان کے ضلع غذر کی تحصیل گوپس کے گاؤں خلتی میں 8 افراد سیلاب کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئے۔ دیامر میں دو افراد ریلوں میں بہہ گئے جبکہ ہنزہ، نگر اور سکردو میں متعدد افراد لاپتہ ہیں۔ شدید بارشوں اور طغیانی کے باعث درجنوں گھر، سرکاری عمارتیں، پل اور شاہراہیں تباہ ہوچکی ہیں۔ کھڑی فصلیں اور درخت بھی ریلوں میں بہہ گئے۔ شاہراہ قراقرم، شاہراہ بابوسر اور گلگت-سکردو روڈ سمیت کئی اہم رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں، جس سے آمدورفت مکمل طور پر معطل ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں بھی صورتحال نہایت تشویشناک ہے۔ دارالحکومت مظفرآباد کی تحصیل نصیرآباد میں بادل پھٹنے کے باعث ایک ہی خاندان کے 6 افراد سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 30 سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔ مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں اور فلیش فلڈنگ نے ندی نالوں میں شدید طغیانی پیدا کردی۔

وادی نیلم میں لینڈ سلائیڈنگ سے پل اور سڑکیں تباہ ہوگئیں۔ سیاحتی مقام رتی گلی بیس کیمپ میں 500 سے زائد سیاح پھنس گئے، جن میں سے 100 کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا، باقی کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ نالہ جاگراں میں کلاؤڈ برسٹ سے تین بیلی برج اور دو گیسٹ ہاؤس بہہ گئے جبکہ ہائیڈرل پراجیکٹ بھی متاثر ہوا۔ کٹن-جاگراں روڈ تباہ ہونے سے 25 ہزار کی آبادی محصور ہوگئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے دریاؤں کے کنارے رہائش پذیر افراد کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جبکہ ریسکیو ادارے اور ضلعی حکام ہنگامی بنیادوں پر امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

Watch Live Public News