ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب نے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے۔ صوبائی ادارے پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف حادثات میں 43 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 14 افراد زخمی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 33 مرد، 2 خواتین اور 8 بچے شامل ہیں۔ زخمیوں میں 11 مرد، 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔ شدید بارشوں اور طغیانی کے نتیجے میں مجموعی طور پر 30 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں سے 25 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے جبکہ 5 گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔
حکام کے مطابق یہ حادثات زیادہ تر سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام کے اضلاع میں پیش آئے۔ سب سے زیادہ متاثرہ علاقے باجوڑ اور بٹگرام قرار دیے گئے ہیں، جہاں ریسکیو ٹیمیں اب بھی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ ان علاقوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ صوبے میں شدید بارشوں کا سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے مزید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور نشیبی علاقوں سے فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان بھی حالیہ بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ سے شدید متاثر ہوئے ہیں، جہاں درجنوں افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور بنیادی ڈھانچے کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس موسمی صورتحال کے پیش نظر آئندہ چند روز نہایت اہم ہیں اور متعلقہ ادارے مکمل الرٹ پر ہیں۔