ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن نے شکارپور کے حلقہ پی ایس 9 میں ضمنی انتخاب کے نتائج کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے فارم 47 جاری کر دیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق، پی ایس 9 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے آغا شہباز خان درانی نے 72,964 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے مولانا رشد اللہ شاہ 9,489 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ ضمنی انتخاب میں مجموعی طور پر 31.68 فیصد ووٹنگ ہوئی، اور 178 پولنگ اسٹیشنز میں 88,017 ووٹ کاسٹ ہوئے۔
یہ نشست سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ حلقے میں 2 لاکھ 77 ہزار 792 ووٹرز ہیں، جن میں 1 لاکھ 48 ہزار 128 مرد اور 1 لاکھ 29 ہزار 245 خواتین شامل ہیں۔
سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، جس میں 3 ہزار سے زائد پولیس افسران و جوانوں کے علاوہ رینجرز اور کوئیک رسپانس فورس کی بھی تعیناتی کی گئی تھی۔ 84 حساس اور 54 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر خصوصی نگرانی رکھی گئی۔