سڈنی فائرنگ واقعہ: صدرمملکت اور وزیراعظم کا اظہار مذمت

سڈنی فائرنگ واقعہ: صدرمملکت اور وزیراعظم کا اظہار مذمت
کیپشن: سڈنی فائرنگ واقعہ: صدرمملکت اور وزیراعظم کا اظہار مذمت

ویب ڈیسک: پاکستان نے آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں پیش آنے والے فائرنگ کے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے واقعے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی سے شدید متاثر رہا ہے، اس لیے ایسے حملوں کے نتیجے میں معاشروں کو پہنچنے والے درد اور صدمے کو بخوبی سمجھتا ہے۔

صدر مملکت نے آسٹریلیا کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کی ہر شکل کے خلاف پاکستان کے اصولی مؤقف کو دہرایا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر قسم کے دہشت گردانہ واقعات کی سخت مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان متاثرہ خاندانوں، آسٹریلوی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے آسٹریلوی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ دہشت گردی انسانیت کے خلاف ناقابلِ معافی جرم ہے اور اس خطرے کا پاکستان کو بھی طویل عرصے سے سامنا رہا ہے، اسی لیے ہم آسٹریلوی عوام کے درد کو بخوبی سمجھتے ہیں۔

واضح رہے کہ سڈنی کے ساحلی علاقے بونڈی بیچ پر پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں 16 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہو گئے تھے۔ واقعے کے دوران دو مسلح افراد نے شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ کی۔

پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور مارا گیا جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

Watch Live Public News