ویب ڈیسک: لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 181 ریکارڈ کیا گیا ہے، جو دسمبر کے وسط میں گزشتہ برسوں کے مقابلے میں نسبتاً بہتر سطح قرار دی جا رہی ہے۔
پنجاب حکومت کے فوری اینٹی اسموگ اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، جس کا واضح ثبوت شہر میں فضائی معیار میں بہتری کی صورت میں نظر آ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور میں ہوا کی رفتار 8 سے 10 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث اسموگ کی شدت میں مزید کمی کا امکان ہے۔ شہر کا متوقع درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ مجموعی طور پر موسمی حالات سازگار رہیں گے۔
حکومت پنجاب کی جانب سے اینٹی اسموگ پلان پر زیرو ٹالرنس کے تحت عمل درآمد جاری ہے۔ اسموگ کے ذمہ دار عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں، جبکہ صنعتی اخراج، اینٹوں کے بھٹوں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اینٹی اسموگ اسکواڈز مکمل طور پر فعال ہیں اور شہر بھر میں 24 گھنٹے مانیٹرنگ جاری ہے۔
دوسری جانب سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں اور غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں۔ انہوں نے حساس طبیعت کے حامل افراد کو خصوصی احتیاط برتنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ شہری حکومتی ہدایات پر عمل کر کے اسموگ کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔