ویب ڈیسک: وزیر مملکت رانا احسان افضل نے تنخواہ دار طبقے کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال انہیں ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
رانا احسان افضل نے اپنے بیان میں کہا کہ سرمایہ کاری کے لیے سیکیورٹی کا کردار سب سے اہم ہے، اور جہاں سیکیورٹی بہتر ہوگی، وہاں سرمایہ کاری خود بخود آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے مشکل معاشی حالات سے نکل کر سرمایہ کاری کے لیے راہ ہموار کر لی ہے، حالانکہ ابھی بھی مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔
وزیر مملکت نے حکومت کی جانب سے مختلف اصلاحات کا ذکر کیا اور کہا کہ ٹیکس بیس کو بہتر بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ٹیکس دینے والوں کی تعداد میں 30 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ملازمت پیشہ افراد پر ٹیکس کم کرنے کی ضرورت ہے اور آئندہ سال اس حوالے سے ریلیف دیا جائے گا۔
رانا احسان نے بجلی کی قیمتوں میں کمی اور ڈسکوز کی نجکاری کے عمل کے آغاز کا بھی اعلان کیا، جس کے لیے بڈنگ کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ معیشت کی بہتری کے لیے وقت درکار ہوتا ہے، اور حکومت درست معاشی سمت میں کام کر رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ سالوں کی نسبت ایم این ایز کو دیے جانے والے فنڈز میں کمی کی گئی ہے اور موجودہ حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کے نتائج جلد نظر آئیں گے۔