ویب ڈیسک: سابق وفاقی وزیر فواد چودھری اور پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین کے درمیان اڈیالہ جیل کے باہر ہاتھا پائی ہو گئی ۔
تفصیلات کے مطابق فواد چودھری اور شعیب شاہین کے درمیان لڑائی اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر پانچ پر ہوئی،فواد چودھری نے شعیب شاہین سے کہا تم ایجنسیوں کے ٹاؤٹ ہو جس پر شعیب شاہین نے فواد چودھری سے کہا اپنے کام سے کام رکھو۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان تلخ کلامی کے دوران فواد چودھری نے شعیب شاہین کو تھپڑ جڑ دیا ، جس کے بعد شعیب شاہین زمین پر گر گئے، دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو گالیاں بھی دے دیں۔
موقع پر موجود جیل عملے نے دونوں کے درمیان بیچ بچاؤ کرایا، جھگڑے کے بعد فواد چودھری اڈیالہ جیل کے اندر چلے گئے، شعیب شاہین کو زمین پر گرنے کے باعث بازو پر چوٹ آئی۔
واضح رہے کہ فواد چودھری بطور وزیر مشیر بھی کئی لوگوں کو تھپڑ مار چکے ہیں جن میں بول نیوز کے سمیع ابراہیم بھی شامل ہیں۔
فوادچودھری کے خلاف شکایت،عمران خان نے سن کر بھی اَن سُنی کردی
پی ٹی آئی رہنماؤں کے درمیان ہونے والی لڑائی کی شکایت عمران خان نے سن کر بھی اَن سُنی کردی۔
ذرائع کے مطابق شعیب شاہین نے فواد چوہدری کی جانب سے تشدد کی شکایت بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے کی۔ انہوں نے عدالت میں فواد چوہدری کی موجودگی میں عمران خان سے شکایت کی۔
شعیب شاہین نے بتایا کہ مجھے جیل کے گیٹ نمبر 5پر جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ذرائع کے مطابق شعیب شاہین نے فواد چوہدری سے جھگڑے میں زمین پر گرنے سے ہاتھ پر ہونے والا زخم بھی بانی پی ٹی آئی کو دکھایا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے شکایت سننے کے بعد کہا اوہو! وہ انسانی حقوق کی پٹیشن کا کیا کیا ہے۔ عدالت میں بانی پی ٹی آئی نے شعیب شاہین کی شکایت کو سنی ان سنی کردی۔
فواد چودھری کی میڈیا ٹاک
فواد چودھری نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شعیب شاہین نے بانی پی ٹی آئی کا نام لیکر ٹی وی پروگرام میں کہا فواد چودھری بھگوڑا ہے۔میں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اس بات کی تصدیق کی انہوں نے کہا انہوں نے ایسا نہیں کہا ہے۔میں نے شعیب شاہین کو کہا بانی کا نام لیکر ایسی باتیں نہ کیا کریں۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حکم پر ہم دونوں نے صلح کرلی معاملہ ختم ہوگیا۔