ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے پاک بھارت میچ سے قبل کولمبو میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ سے ملاقات کی اور اُن کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
تفصیلات کے مطابق چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا اور اُن کے عزم وجذبے کو سراہا۔ کپتان سلمان علی آغا، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، مینجر نوید اکرم چیمہ سمیت تمام کھلاڑی اور کوچنگ سٹاف ملاقات میں موجود تھے۔ اس کے علاوہ چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر اور ڈائریکٹر میڈیا عامر میر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم مرحلے میں آج روایتی حریف پاکستان اور بھارت کولمبو میں مدِ مقابل آئیں گے۔ آج ایونٹ میں مجموعی طور پر تین میچ کھیلے جائیں گے۔ دن کا پہلا مقابلہ نیپال اور ویسٹ انڈیز کے درمیان صبح 10:30 بجے شروع ہوگا۔ دوسرا میچ امریکا اور نمیبیا کے درمیان دوپہر 2:30 بجے کھیلا جائے گا۔ تاہم سب سے زیادہ توجہ شام 6:30 بجے شروع ہونے والے پاکستان اور بھارت کے میچ پر مرکوز ہے۔
گروپ مرحلے میں دونوں ٹیموں کے چار، چار پوائنٹس ہیں، اور آج کے میچ کی فاتح ٹیم اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کر لے گی، جس کے باعث اس مقابلے کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔