ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 26نومبر احتجاج میں زخمی ہونے والے 49پارٹی ورکرز میں سے 2مزید شہید ہوگئے ہیں۔جس کی تفصیلات عدالت میں جمع کروائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرعلی خان نے سیشن کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ آج کی کمپلینٹ ایک پرائیویٹ کمپلینٹ ہے اس کا طریقہ کار مختلف ہوتا ہے۔ ہم نے اپنے 12 شہداء اور 49 زخمیوں کا ذکر کیا تھا۔زخمیوں میں سے دو مزید شہید ہو چکے ہیں ان کا ڈیٹا بھی عدالت میں جمع کروانا ہے۔ اس کے بعد اس کمپلینٹ کی مزید کارروائی ہوگی ۔
انہوں نے بتایا کہ کل حکومت سے ہمارے مذاکرات کا تیسرا سیشن ہوگا ۔ہم اپنے مطالبات تحریری طور پر جمع کروائیں گے ۔ حکومت اگر نیک نیتی اور سنجیدگی کے ساتھ بیٹھے تو تمام مسائل کا حل نکل سکتا ہے ۔جمہوریت اور سیاسی استحکام کے لیے ضروری ہے کہ سیاسی قیدیوں کو رہائی ملے اور ریلیف ملے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ مذاکرات کا عمل جلد مکمل ہوگا اور کوئی خوشخبری آئے گی ۔بانی پی ٹی آئی کے خلاف جتنے کیسز بنا سکتے تھے بنا دیے اب وہ سیاسی قیدی ہیں ان کو رہائی ملنی چاہیے۔