(ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے 2 مختلف کارروائیوں میں 13 خوارج ہلاک کردیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے 2 مختلف کارروائیاں کیں۔ سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 13 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر بنوں میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔اس دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔جس کے نتیجے میں 8 خارجی دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے دوسرا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرم میں کیا۔ کرم میں کارروائی کے دوران 5 خارجی دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کرم اور بنوں میں دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ یقینی بنانے کے لیے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز وژن عزم استحکام کے تحت دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لئے کارروائیاں جاری رکھیں گی۔