ایک چارج میں 353 کلومیٹر تک سفر طے کرنیوالی گاڑی پاکستان میں متعارف

ایک چارج میں 353 کلومیٹر تک سفر طے کرنیوالی گاڑی پاکستان میں متعارف

ویب ڈیسک: چاولہ گرین موٹرز نے پاکستان میں اپنی نئی الیکٹرک گاڑی ’ڈونگ فینگ ویگو ای وی ( Dongfeng Vigo EV) کو باضابطہ طور پر لانچ کر دیا ہے،یہ گاڑی ملک میں تیزی سے بڑھتے ہوئے الیکٹرک گاڑیوں (EV) کے شعبے میں ایک اہم اضافہ ثابت ہوگی۔ 

کمپنی نے اس گاڑی کے دو ویرینٹس میں متعارف کروائے ہیں جن میں E1 اور E2 شامل ہیں، E1 ویرینٹ کی قیمت 69 لاکھ 99 ہزار روپے رکھی گئی ہے، جبکہ E2 ویرینٹ کی قیمت 74 لاکھ 99 ہزار 999 روپے مقرر کی گئی ہے۔ دونوں ویرینٹس کے لیے بکنگ رقم 12 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔

ڈونگ فینگ ویگو ایک جدید کومپیکٹ الیکٹرک ایس یو وی ہے، جس کی توجہ جدید ڈیزائن، شہری ضروریات اور سمارٹ ٹیکنالوجی پر مرکوز ہے۔ بین الاقوامی سطح پر یہ ماڈل Nammi 06 کے نام سے جانا جاتا ہے۔ یہ اپنے سادہ مگر دلکش بیرونی ڈیزائن، جدید ترین کیبن لے آؤٹ اور بہترین الیکٹرک پاور ٹرین کے لیے مشہور ہے جو رینج اور کارکردگی کا بہترین امتزاج فراہم کرتی ہے۔

عالمی منڈیوں میں ویگو اپنے ڈیجیٹل کاک پٹ، بڑی انفوٹینمنٹ اسکرین، جدید ڈرائیور اسسٹنس سسٹم اور فاسٹ چارجنگ کی سہولت کی وجہ سے نمایاں رہی ہے۔ یہ وہ تمام فیچرز ہیں جن کی پاکستان میں ای وی خریدار اب توقع رکھتے ہیں۔

ڈونگ فینگ ویگو ای وی کو عوام کے لیے 16 سے 18 فروری تک لاہور کے پیکیجز مال میں نمائش کے لیے رکھا جائے گا، گاڑی کی ڈیلیوریز بکنگ کی تصدیق کے بعد فروری کے دوسرے ہفتے سے شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

یہ الیکٹرک ایس یو وی فرنٹ وہیل ڈرائیو سسٹم پر مبنی ہے اور اس میں الیکٹرک موٹر نصب ہے جو 161 ہارس پاور اور 230 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتی ہے۔ گاڑی میں 45 کلو واٹ آور بیٹری ہے جو کمپنی کے مطابق ایک بار چارج ہونے پر 353 کلومیٹر تک سفر کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ویگو ای وی میں 60 کلو واٹ ڈی سی فاسٹ چارجنگ اور 6.6 کلو واٹ اے سی چارجنگ کی سہولت بھی موجود ہے۔ سائز کے لحاظ سے گاڑی کی لمبائی 4,306 ملی میٹر، چوڑائی 1,868 ملی میٹر اور اونچائی 1,654 ملی میٹر ہے، جبکہ اس کا وہیل بیس 2,715 ملی میٹر رکھا گیا ہے۔

گاڑی میں 17 انچ الائے ویلز، 12.8 انچ ٹچ اسکرین، 8.8 انچ ڈیجیٹل میٹر، لیول 2 ایڈوانس ڈرائیور اسسٹنس سسٹم، 6 ایئر بیگز اور 540 ڈگری کیمرہ سسٹم شامل ہے۔

Watch Live Public News