پی پی کی حکومت آئے گی تو سندھ جیسی کارکردگی اسلام آباد میں بھی دکھائیں گے،بلاول

پی پی کی حکومت آئے گی تو سندھ جیسی کارکردگی اسلام آباد میں بھی دکھائیں گے،بلاول
چیئرمین پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت آئے گی تو سندھ جیسی کارکردگی اسلام آباد میں بھی دکھائیں گے۔ کراچی میں دھابیجی اکنامک زون کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا ایک اور کامیاب منصوبہ ہم نے پاکستان کے عوام کے سامنے پیش کردیا ہے، میں وزیراعلیٰ سندھ کو مبارکباد پیش کروں گا کہ انہوں نے اس تصور کو زائل کردیا کہ اصلی سیاسی جماعتیں ناکام ہوچکی ہیں اور اب ایک نئی سیاسی جماعت کی ضرورت ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ہم نے تبدیلی کے نام پر ملک میں تباہی دیکھی ہے اور پیپلزپارٹی کی خدمت بھی دیکھی ہے، پیپلزپارٹی کام کرکے دکھاتی ہے اور باقی سب باتیں کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے چین کے اُن دوروں کے نتیجے میں ہی پاکستان کو سی پیک کا تحفہ ملا جن پر تنقید کی جاتی تھی اور انہیں قومی خزانے پر بوجھ قرار دیا جاتا تھا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا تصور پیش کیا تھا جس کے تحت پاکستان پیپلزپارٹی نے کئی منصوبوں کی بنیاد رکھی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو ناقابل رہائش شہروں میں شمار کرنے والے دی اکانومسٹ نے ہی پیپلزپارٹی کے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلنے والوں منصوبوں کو ایشیا کے چھٹے بہترین منصوبوں کے طور پر شمار کیا۔ دنیا بھی پیپلز پارٹی کی کارکردگی کو مان رہی ہے اور پاکستان کے عوام بھی پیپلزپارٹی کی کارکردگی کو مان رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی منصوبہ ہوگا اس میں ہمارا زور اسی پر ہوگا کہ ہمیں مقامی لوگوں کو سب سے پہلے روزگار دینا ہے، اس کے لیے ہم ووکیشنل ٹریننگ پر بھی کام کررہے ہیں تاکہ جو منصوبہ مکمل ہونے تک یہاں کام کرنے کے لیے جو ہنر ضروری ہو وہ ہمارے مقامی لوگوں کے پاس موجود ہو۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ جب دھابیجی اکنامک زون فعال ہوگا تو ایک لاکھ 50 ہزار لوگوں کو روزگار ملے گا، ہماری پہلی ترجیح اس ملک کے عوام کو معاشی بحران سے نکالنا ہے، کاروباری طبقے کے ساتھ مل کر ہم ایسے کام کریں گے جس سے ہم نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نوجوانوں اور کاروباری طبقے کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں اور پیپلزپارٹی کا ساتھ دیں، ہم مل کر کام کریں گے، انتخابات بھی نزدیک ہیں، جب ہماری حکومت آئے گی تو ایسی کارکردگی اسلام آباد میں بھی دکھائیں گے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔