لاہور: وزیر خزانہ پنجاب اویس لغاری نے سال 23-2022 کا صوبائی بجٹ پیش کیا ، جس کا حجم 32 کھرب 26 ارب روپے ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایوان اقبال میں ہوا۔ جس میں وزیر خزانہ پنجاب اویس لغاری نے سال 23-2022 کا صوبائی بجٹ پیش کیا،بجٹ کا حجم 32 کھرب 26 ارب روپے ہے۔ وزیر خزانہ اویس لغاری نے بتایا کہ پنجاب میں مزدور کی کم سے کم اجرت بھی 20 ہزار روپے سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اور پنشن میں 5 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ گریڈ ایک سے گریڈ 19 تک ایک حد سے کم الاؤنس لینے والوں کو 15 فیصد اسپیشل الاؤنس دیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ خواتین اساتذہ، لیڈی ہیلتھ ورکرز اور پولیو ورکرز کو اسکوٹیز بھی دی جائیں گی۔