وزیر اعظم نے آئل ٹینکرڈرائیور کو تمغۂ شجاعت کیلئے نامزد کردیا

وزیر اعظم نے آئل ٹینکرڈرائیور کو تمغۂ شجاعت کیلئے نامزد کردیا
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے آئل ٹینکرڈرائیور فیصل بلوچ کو تمغۂ شجاعت کیلئے نامزد کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے آئل ٹینکرڈرائیور شیر احمد عرف فیصل بلوچ کو داد شجاعت دینے کے لیے بلوچستان سے وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد مدعو کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بہادری کا مظاہرہ کرنے اور اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر لوگوں کی زندگیاں بچانے پر فیصل بلوچ کو خراج تحسین پیش کیا، اور اسے تمغۂ شجاعت کےلیے نامزد کیا ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فیصل بلوچ سے ملاقات اور بہادری پر تمغہ شجاعت کیلئے نامزد کرنے پرخوش ہوں۔ فیصل بلوچ حقیقی ہیرو ہیں، انہوں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر دوسروں کو بچایا، ان کی بے لوث ہمت کی داد دیتا ہوں۔ واضح رہے کہ آئل ٹینکر میں آگ لگنے کا واقعہ کوئٹہ کے نواحی علاقے قمبرانی روڈ پر پیش آیا تھا، جہاں پیٹرول پمپ پر کھڑے آئل ٹینکر میں اچانک آگ لگ گئی تھی۔ ڈرائیور فیصل آگ لگے ہوئے ٹینکر کو حاضر دماغی اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے آبادی سے دور لے گیا تھا اور علاقے کو بڑے جانی و مالی نقصان سے بچا لیا تھا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔