ویب ڈیسک: کراچی کے علاقے گلبرگ چورنگی پر بکرروں کو مصنوعی دانت لگا کر بیچنے والے بیوپاری کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ خریداری کیلئے آنے والے شخص نے دانتوں کی جانچ کی تو دانتوں کو مصنوعی پایا، خریدار نے مصنوعی دانت نکال کر ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کردی تھی۔
پولیس کے مطابق جانوروں کے دانت پورے کرنے کیلئے پلاسٹک کے دانت بنائے گئے تھے، سمن آباد تھانے کے اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی دانت لگا کر بکرے بیچنے والے میاں بیوی کو حراست میں لے لیا جبکہ 7 بکرے بھی تھانے پہنچا دیے گئے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ مصنوعی دانت لگا کر بکرے بیچنے کے حوالے سے کوئی مدعی شکایت لے کر تھانے نہیں آیا، جانوروں کومصنوعی دانت لگا کر بیچنے اور ویڈیو سے متعلق اطلاع ملنے پر کارروائی کی گئی تھی۔
زیر حراست بیوپاریوں نے دعویٰ کیا کہ وہ حیدرآباد سے جانور بیچنے کراچی آئے تھے، انہیں بکروں کے دانت مصنوعی ہونے کا علم نہیں تھا۔