ویب ڈیسک: معاشرے میں عدم برداشت کا عنصر سرائیت کر چکا ہے۔ معمولی سی بحث و تکرار کی وجہ سے نوبت لڑائی تک پہنچ جاتی ہے۔ بااثر شخصیات کا ہاتھ سر پر ہونے کی وجہ سے ملزمان بے لگام ہوچکے ہیں۔ مگر منڈی بہاؤالدین میں پیش آنے والے واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے پر محنت کش کو بازیاب کروا لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق منڈی بہاؤالدین کے نواحی گاوں چک دالہ میں مال مویشی کا کام کرنے والے محنت کش مزدور کو زمیندار نے دس ہزار ادا نہ کرنے پر پاوں میں زنجیر پہنا کر قید کر دیا۔
البتہ پھالیہ پولیس نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے مزدور کو بازیاب کروالیا ہے۔
منڈی بہاوالدین کے نواحی گاوں چک دالہ میں مویشیوں کو چارہ ڈالنے والے مظفر گڑھ کے رہائشی حاجی احمد ولد رسول بخش کو کام چھوڑ کر بھاگ جانے اور بقایا دس ہزار روپے نہ دینے پر مانو چک کے با اثر زمیندار مبینہ طور پر قید کر لیا اور اس کے پاوں میں زنجیر ڈال کر ریڑھی کے ساتھ باندھ دیا اور تشدد کا نشانہ بناتے رہے۔
واقعہ کی ویڈیو وائرل ہونے پر ڈی پی او احمد محی الدین نے نوٹس لے لیا پھالیہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ مزدور کو بازیاب کروا کر 5 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔