(ویب ڈیسک)سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کل سے پنجاب بھر میں گرفتاریوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے ، وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ انہوں نے مظاہرے کئے تھے ، جلوس نکالے تھے۔
تفصیلات کے مطابق مرکزی رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا کہ کیا قانون اور آئین سیاسی جماعت کو اپنے جائز حقوق کے لئے جلسے اور جلوسوں کا حق نہیں دیتی ،کس قانون کے تحت پنجاب حکومت یہ گرفتاریاں کر رہی ہے ،ایک طرف ہماری لیڈر شپ اور خواتین جیلوں میں ہے ، ضمانت ہونے کے باوجود ان کو دوبارہ گرفتار کیا جاتا ہے۔
اسد قیصر نے کہا کیا اس ملک کو بنانا ریپبلک بنانا ہے ،کیا نواز شریف اس قسم کا پاکستان چاہتے ہیں ،آپ کی بیٹی اور بھائی جو کر رہے ہیں کیا اس طرح یہ ملک آگے بڑھے گا ،گندم کا اتنا بڑا سکینڈل آیا آپ نے کچھ نہیں کیا، کسان کا خون چھوسا گیا آپ نے کچھ نہیں کیا،اگر آپ اپنے حدود سے آگے بڑھیں گے تو پھر آپ کے ہاتھ میں کچھ نہیں ہوگا۔
ہم چاہتے ہیں یہ ملک آئین کے مطابق چلے ،آپ نے ہمارےصبر کے پیمانے کو لبریز کر دیا ہے ، آخری بار کہہ رہا ہوں سیاسی کارکنان کے ساتھ یہ ظلم بند کریں۔