ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور آندھی کی پیشگوئی کی ہے، جس سے شدید گرمی کے شکار شہریوں کو کچھ ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں دن کے اوقات میں موسم گرم اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، تاہم شام کے وقت آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا، جبکہ میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں آندھی، گرد آلود ہوائیں اور کہیں کہیں ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس سے وہاں درجہ حرارت میں کچھ کمی آ سکتی ہے۔
گزشتہ روز کے درجہ حرارت کی تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
تربت، لسبیلہ، سبی، موہنجو داڑو میں 49 ڈگری، دادو، سکھر، نورپور تھل، بھکر، سرگودھا، ساہیوال اور بہاولنگر میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ گرمی کے اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور خود کو دھوپ سے بچائیں۔