ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان طویل اور اہم سفارتی مذاکرات کے بعد امن معاہدہ طے پا گیا ہے، جسے خطے میں استحکام اور کشیدگی کے خاتمے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ امن معاہدے پر باضابطہ دستخط کی تقریب 19 جون کو سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہوگی، جہاں دونوں ممالک کے نمائندے مفاہمتی دستاویز پر دستخط کریں گے۔
Following intensive talks, we are pleased to announce that the Peace Deal between the United States of America and Islamic Republic of Iran has been REACHED. Both sides have declared the immediate and permanent termination of military operations on all fronts, including in…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) June 14, 2026
وزیراعظم نے معاہدے کی کامیابی میں قطر، سعودی عرب اور ترکیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان ممالک نے مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے اہم سفارتی کوششیں کیں۔
انہوں نے بتایا کہ معاہدے کے تحت فریقین نے تمام محاذوں پر فوجی کارروائیاں فوری اور مستقل طور پر بند کرنے پر اتفاق کیا ہے، جس سے خطے میں امن کے قیام کی نئی امید پیدا ہوئی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ثالثی میں شریک ممالک رواں ہفتے مزید اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں معاہدے پر عملدرآمد سے قبل تکنیکی اور انتظامی امور کو حتمی شکل دی جائے گی۔
وزیراعظم نے امریکا اور ایران کی قیادت کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے تنازع کے حل اور امن کے فروغ کے لیے سفارتی راستہ اختیار کیا، جو خطے اور عالمی برادری کے مفاد میں ایک مثبت پیش رفت ہے۔