ویب ڈیسک: لاچی کے پہاڑی علاقے میں پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی) کے مشترکہ آپریشن میں 6 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
پولیس حکام کے مطابق ڈی پی او کوہاٹ شہباز الہی کو اطلاع ملی تھی کہ لاچی کے پہاڑوں میں فتنہ الخوارج سے وابستہ دہشت گرد موجود ہیں اور کسی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری اور سی ٹی ڈی کے دستوں نے علاقے میں مشترکہ سرچ آپریشن شروع کیا۔
آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان آمنا سامنا ہوا جس کے بعد دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ فائرنگ کے نتیجے میں 6 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
ڈی پی او شہباز الہی کی قیادت میں علاقے میں سرچ آپریشن تاحال جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ باقی ماندہ خطرے کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔