باجوڑ میں سرحد پار سے افغان طالبان رجیم کا پاکستان پر حملہ ،4 معصوم شہری شہید

باجوڑ میں سرحد پار سے افغان طالبان رجیم کا پاکستان پر حملہ ،4 معصوم شہری شہید

(ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کا کہنا ہے کہ افغان طالبان رجیم کے حملے میں پانچ سالہ بچہ شدید زخمی ہوا ، چار معصوم شہری شہید جبکہ ایک گھر تباہ ہو گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ  نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان  میں کہا کہ افغان طالبان رجیم کی جانب سے دن ساڑھے تین بجے باجوڑ کے علاقے تابستہ لیتائی میں شہری آبادی کو آرٹیلری کے ذریعے نشانہ بنایا۔

انہوں نے بتایا کہ  حملے میں پانچ سالہ بچہ شدید زخمی ہوا، چار معصوم شہری شہید جبکہ ایک گھر تباہ ہو گیا۔شہداء میں ساجد، ایاز، ریاض اور معاذ شامل ہیں۔چاروں شہداء آپس میں حقیقی بھائی ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہاکہ مقامی آبادی اور شہریوں نے اس بربریت پر مبنی حملے کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔بزدلانہ حملہ اس امر کا عکاس ہے کہ بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کسی عالمی قانون اور انسانی حقوق کے قائل نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حملہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاک افواج کی جانب سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو درستگی سے نشانہ بنانے پر فتنہ الخوارج ہواس باختہ ہو چکے ہیں۔حملے کے ذمہ داروں کو سزا دینے کے لیے بہادر افواج کی جانب سے افغان طالبان کو مؤثر اور درست ردعمل دیا جا رہا ہے۔

Watch Live Public News