پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او کی امریکی سفیر سے ملاقات

 پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او کی امریکی سفیر سے ملاقات

ویب ڈیسک: ڈیجیٹل معیشت میں پاک،امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اہم پیش رفت، پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او کی امریکی سفیر سے ملاقات، نوجوانوں کے لیے بلاک چین اور اے آئی میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن صقیب نے پاکستان میں قائم مقام امریکی سفیر ناتالیا بیکر سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران بلاک چین، مصنوعی ذہانت (AI) اور نوجوانوں کی ترقی سے متعلق باہمی اہداف پر گفتگو کی گئی،

ملاقات کا مقصد پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کی مہارتوں سے لیس کرنا اور امریکی اداروں اور پاکستان کے کاروباری ماحولیاتی نظام کے درمیان روابط قائم کرنا تھا، کونسل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان بلاک چین اور اے آئی کو اپنی مستقبل کی معیشت کا مرکز بنا کر عالمی سطح پر ایک مسابقتی جدت طراز ملک بننے کے لیے پرعزم ہے۔

بلال بن صقیب کا کہنا تھا کہ  پاکستان دنیا کی سب سے نوجوان آبادیوں میں سے ایک کا گھر ہے — پرجوش، باصلاحیت، اور Web3 اور اے آئی کے مستقبل کی قیادت کے لیے تیار،  اب وقت ہے کہ ان میں سرمایہ کاری کی جائے، انہیں عالمی قائدین سے جوڑا جائے اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان مواقع کے پائیدار پل تعمیر کیے جائیں۔

مشترکہ پروگراموں، ٹیلنٹ ایکسچینج، اور امریکی ٹیک کمپنیوں اور پاکستانی اسٹارٹ اپس کے درمیان اسٹریٹجک مفاہمتی یادداشتوں (MOUs) کے آغاز کی منصوبہ بندی جاری ہے،  دونوں ممالک کے مفاد میں طویل المدتی شراکت داری قائم کی جا سکے۔

پاکستان کرپٹو کونسل بلاک چین کو سفارتکاری، تعلیم اور بااختیاری کا ایک مؤثر ذریعہ بنانے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ پاکستان کے نوجوان عالمی ڈیجیٹل انقلاب میں پیچھے نہ رہ جائیں بلکہ صفِ اول میں کھڑے ہوں۔ 

Watch Live Public News