ٹائی ٹینک حادثہ کے زندہ بچ جانیوالے شخص کا قدیمی خط لاکھوں میں نیلام

ٹائی ٹینک حادثہ کے زندہ بچ جانیوالے شخص کا قدیمی خط لاکھوں میں نیلام

ویب ڈیسک: دنیا کے بدترین بحری حادثے ٹائی ٹینک سے بچ جانے والے پہلے درجے کے مسافر، کرنل آرچیبالڈ گریسی کا ایک تاریخی خط حالیہ نیلامی میں 3 لاکھ پاؤنڈ میں فروخت ہو گیا، جو کہ اس کی متوقع قیمت 60 ہزار پاؤنڈ سے پانچ گنا زیادہ ہے۔

یہ خط کرنل گریسی نے 10 اپریل 1912 کو اس وقت تحریر کیا جب وہ ٹائی ٹینک پر سوار ہو رہے تھے۔ خط کو 11 اپریل کو کوئینز ٹاؤن اور 12 اپریل کو لندن سے پوسٹ کیا گیا،  اس خط میں کرنل گریسی نے جہاز کی عظمت کا تذکرہ کرتے ہوئے لکھا،‘یہ جہاز بلاشبہ نہایت خوبصورت ہے، مگر اس کی اصل قدر کا اندازہ مکمل سفر کے بعد ہی لگایا جا سکتا ہے۔‘

’اوشنک جہاز میرے لیے ایک پرانے دوست کی مانند ہے؛ اگرچہ وہ ٹائی ٹینک جتنا عالیشان اور تفریحی نہیں، مگر اس کی سمندری صلاحیتیں اس کی کمی محسوس کرواتی ہیں۔‘

 نیلامی کے منتظمین کے مطابق، یہ خطمیوزیم گریڈ‘ اہمیت رکھتا ہے اور ٹائی ٹینک کے سانحے سے جڑی چند نایاب ترین دستاویزات میں سے ایک ہے۔

کرنل گریسی نہ صرف اس حادثے میں بچ جانے والوں میں شامل تھے بلکہ وہ امدادی کوششوں میں بھی پیش پیش رہے، وہ ایک الٹنے والی کشتی کے ذریعے جان بچانے میں کامیاب ہوئے۔

بعدازاں انہوں نے ‘The Truth About the Titanic‘ کے عنوان سے ایک کتاب بھی تصنیف کی، جس میں اس قیامت خیز حادثے کی تفصیلات درج ہیں۔

Watch Live Public News