نئے جی میل اکاؤنٹس کو صرف 5 جی بی کلاؤڈ اسٹوریج ملے گی

نئے جی میل اکاؤنٹس کو صرف 5 جی بی کلاؤڈ اسٹوریج ملے گی

(ویب ڈیسک)نئی جی میل اکاؤنٹس  کیلئے بری خبر ہے۔ گوگل مفت اسٹوریج کم  کرنے جا رہی ہے۔

گوگل جی میل سے متعلق ایک نئی تبدیلی کی آزمائش کر رہا ہے جو نئے صارفین کے لیے سروس کو کچھ کم فائدہ مند بنا سکتی ہے۔

اینڈرائیڈ اتھارٹی (Android Authority) کی رپورٹ  کے مطابق  کمپنی نے بتایا کہ وہ ایک نئی پالیسی ٹیسٹ کر رہی ہے جس کے تحت نئے جی میل اکاؤنٹس کو صرف 5GB مفت کلاؤڈ اسٹوریج دی جائے گی، جبکہ کئی سالوں سے صارفین کو 15GB مفت اسٹوریج ملتی آ رہی ہے۔ یہ تبدیلی موجودہ اکاؤنٹس پر اثر انداز نہیں ہوگی، یعنی جن صارفین کے پاس پہلے سے 15GB موجود ہے، ان کی اسٹوریج برقرار رہے گی۔ 

البتہ نئے اکاؤنٹس بنانے والے صارفین کو محدود اسٹوریج مل سکتی ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں یہ آزمائش جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق، یہ ٹیسٹ فی الحال زیادہ تر افریقی ممالک میں کیا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے گوگل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم منتخب علاقوں میں نئے اکاؤنٹس کے لیے ایک نئی اسٹوریج پالیسی کی آزمائش کر رہے ہیں تاکہ صارفین کو معیاری اسٹوریج سروس فراہم کی جا سکے اور ساتھ ہی اکاؤنٹ سیکیورٹی اور ڈیٹا ریکوری بہتر بنانے کی حوصلہ افزائی ہو۔"

اچھی خبر یہ ہے کہ اس مسئلے کا ایک آسان حل بھی موجود ہے۔ اگر صارف اپنے   جی میل اکاؤنٹ کے ساتھ فون نمبر منسلک کر دے تو 5GB کی حد ختم ہو کر دوبارہ 15GB مفت اسٹوریج مل سکتی ہے۔

اگرچہ کچھ لوگ پرائیویسی یا سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے فون نمبر شامل کرنے سے ہچکچا سکتے ہیں، لیکن گوگل کے مطابق فون نمبر اکاؤنٹ کی حفاظت بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے، مثلاً ٹو فیکٹر آتھنٹیکیشن کے ذریعے۔

فی الحال یہ صرف ایک آزمائشی پالیسی ہے، اس لیے ضروری نہیں کہ مستقبل میں یہ دنیا بھر میں نافذ کی جائے۔ تاہم اگر آپ کے پاس ابھی تک جی میل اکاؤنٹ نہیں ہے تو شاید ابھی نیا اکاؤنٹ بنانے کا اچھا وقت ہے۔

Watch Live Public News