لاہور: سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق پی سی بی کے کوچنگ سٹاف سے مستعفی ہوگئے. تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق اڑھائی سال سے پی سی بی کوچنگ سٹاف کا حصہ تھے ، سابق آل راؤنڈر نے ایک سال خیبرپختونخواہ کی کوچنگ کی۔ گذشتہ سیزن میں عبدالرزاق کو سینٹرل پنجاب کا ہیڈ کوچ تعینات کردیا گیا تھا، حالیہ سیزن میں سینٹرل پنجاب کی ٹیموں کی سلیکشن کے معاملے پر عبدالرزاق تنقید کی زد میں تھے۔ پاکستان جونیئر لیگ کی سلیکشن کے معاملے پر بھی عبدالرزاق پر کئی سوالات اٹھائے گئے تھے ، پاکستان جونیئر لیگ کے بعد عبدالرزاق سینٹرل پنجاب ٹیم کو جوائن نہیں کیا، عبدالرزاق نے پاکستان جونیئر لیگ کی ٹیم حیدر آباد کے ہیڈ کوچ تھے۔ خیال رہے کہ مصباح الحق اور وقار یونس کے کوچنگ سے مستعفی ہونے کے بعد عبدالرزاق کو ایک سیریز کے لئے عبوری باولنگ کوچ بھی مقرر کیا گیا تھا۔ ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ عبدالرزاق مختلف نجی چینلز کے ساتھ مصروفیات کے باعث استعفی دیا ۔ پی سی بی میڈیا پالیسی کے تحت بورڈ کا کوئی ملازم میڈیا پر کام نہیں کرسکتا۔ عبد الرزاق میڈیا پر کام کرنے کے خواہشمند تھے اسی بنا پر وہ مستعفی ہوئے۔ واضح رہے کہ عبدالرزاق نے 46 ٹیسٹ، 265 ون ڈے انٹرنیشنل اور 32 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کی۔