عمر عبداللہ مقبوضہ کمشیرکےوزیر اعلیٰ کاحلف کب اُٹھائیں گے؟تاریخ سامنے آگئی

عمر عبداللہ مقبوضہ کمشیرکےوزیر اعلیٰ کاحلف کب اُٹھائیں گے؟تاریخ سامنے آگئی
کیپشن: عمر عبداللہ مقبوضہ کمشیرکےوزیر اعلیٰ کاحلف کب اُٹھائیں گے؟تاریخ سامنے آگئی

ویب ڈیسک: مقبوضہ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات 2024 میں نیشنل کانفرنس کی فتح کے بعد عمر عبداللہ یو ٹی کے پہلے وزیر اعلیٰ کے طور پر بدھ کو حلف اٹھائیں گے۔  نامزد وزیراعلی عمر عبداللہ نے سماجی  رابطے کی سائٹ ایکس پر  پوسٹ کی ہے کہ ’’ حلف برداری کی تقریب 16 اکتوبر 2024 کو صبح 11:30 بجے سرینگر کے ایس کے آئی سی سی میں منعقد ہوگی۔‘‘

تفصیلات کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے پرنسپل سیکریٹری کی جانب سے دیئے گئے خط کو عمر عبداللہ نے ایکس پر شیئر کیا۔ خط میں کہا گیا ہے: ’’محترم جناب عمر عبداللہ صاحب۔ مجھے ڈاکٹر فاروق عبداللہ، صدر نیشنل کانفرنس، کا 11 اکتوبر 2024 کا خط موصول ہوا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ آپ کو متفقہ طور پر قانون ساز پارٹی کا رہنما منتخب کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر جناب طارق حمید قرہ، سی پی آئی (ایم) کے سیکریٹری جناب جی این ملک، عام آدمی پارٹی کے قومی سیکریٹری جناب پنکج کمار گپتا اور آزاد ارکان اسمبلی جناب پیارے لال شرما، ستی شرما، چودھری محمد اکرم، ڈاکٹر رمیشور سنگھ اور مظفر اقبال خان کی جانب سے آپ کی حکومت کو حمایت فراہم کرنے کا اظہار کیا گیا ہے۔ میں آپ کو  مقبوضہ جموں و کشمیر کی حکومت تشکیل دینے اور اس کی قیادت کرنے کی دعوت دیتا ہوں۔‘‘

خط میں مزید کہا گیا ہے: ’’جیسا کہ طے پایا ہے، میں آپ اور آپ کی سفارش کردہ کابینہ کے ارکان کو دفتر اور رازداری کا حلف 16 اکتوبر کو صبح 11:30 بجے ایس کے آئی سی سی، سرینگر میں دلاؤں گا۔ میں آپ کو اپنی مدت میں بہترین کامیابی اور جموں و کشمیر کے عوام کے بہترین مفاد میں کامیابی کی دعا دیتا ہوں۔‘‘

قبل ازیں ہفتے کے روز کرکٹ میچ دیکھنے کے بعد عمر عبداللہ نے  میڈیا کو بتایا تھا کہ ’’ حلف برداری کی تقریب بدھ کو ہوگی۔‘‘ انہوں نے سابق گورنر ستیہ پال ملک کے دور میں ہونے والے مشہور فیکس تنازعے کا بھی حوالہ دیا تھا۔

یاد رہے کہ جموں کشمیر میں ستمبر- اکتوبر میں منعقد ہوئے اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس نے 42نشستیں حاصل کیں اور جموں کشمیر میں سب سے بڑی جماعت کے طور پر ابھر کر سامنے آئی۔

Watch Live Public News