ویب ڈیسک: (علی زیدی)کرکٹ کے شوقین مداحوں کے لیے تازہ ترین اعدادوشمار میں ایک چونکا دینے والا انکشاف سامنے آیا ہے۔ معروف اسپورٹس پلیٹ فارم کرک ٹریکر کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے بابر اعظم اس وقت فعال کرکٹرز میں سب سے زیادہ اننگز بغیر سنچری کے کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق بابر اعظم نے اپنی آخری 74 اننگز میں کوئی سنچری اسکور نہیں کی، جو کہ ان کے معیار اور کارکردگی کے اعتبار سے ایک غیرمعمولی بات سمجھی جا رہی ہے۔ بابر اعظم نے اگرچہ اننگز کے دوران متعدد نصف سنچریاں ضرور بنائیں، تاہم سنچری کا سنگ میل عبور کرنے میں وہ گزشتہ طویل عرصے سے ناکام رہے ہیں۔

اسی فہرست میں بنگلہ دیش کے تنزی حسن دوسرے نمبر پر ہیں، جنہوں نے 65 اننگز میں کوئی سنچری نہیں بنائی، جب کہ ان کے ہم وطن جاکر علی تیسرے نمبر پر ہیں جن کی تعداد 63 اننگز تک پہنچ چکی ہے۔
چوتھے نمبر پر انگلینڈ کے جوز بٹلر ہیں جنہوں نے 60 اننگز میں سنچری بنانے کا موقع گنوایا، جب کہ فہرست میں پانچویں مقام پر ویسٹ انڈیز کے روسٹن چیز 52 اننگز کے ساتھ موجود ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ بابر اعظم کی فارم میں تسلسل کمی کا سامنا رہا ہے، مگر ان کی بیٹنگ تکنیک اور قابلیت پر اب بھی شائقین کو بھرپور اعتماد ہے۔ کرکٹ مبصرین کے مطابق آئندہ سیریز میں بابر اعظم کے پاس یہ ریکارڈ بہتر کرنے اور اپنی اگلی سنچری کے ساتھ ناقدین کو جواب دینے کا سنہری موقع ہوگا۔