ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ہمارامینڈیٹ ہے ،امید ہے وزیر اعلیٰ کے حلف کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہوگا۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان، سینیٹر علی ظفر اور بیرسٹر سیف نے میڈیا کو بتایا کہ کے پی میں تبدیلی کے بعد بانی سے پہلی ملاقات ہوئی، بانی نے تمام اراکین اسمبلی کا شکریہ ادا کیا اور خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بانی نے بھی علی امین گنڈا پور کی خدمات کو سراہا ہے، کے پی میں بانی پی ٹی آئی کا ووٹ ہے، بانی جس کو نامزد کرے گا وہی وزیراعلیٰ بنے گا، بانی نے تمام عہدیداروں کو مبارکباد دی ہے، بانی نے کہا ہے حکومت اپنے مینڈیٹ کی حقدار ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی نے دہشت گردی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے ساتھ کشیدگی سے دہشت گردی بڑھے گی۔ دہشت گردی کو سیاسی طریقے سے حل کیا جائے۔ بانی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتی ہے، اس مسئلے کا حل موجود ہے، فوج بھی میری ہے، شہدا بھی ہمارے ہیں، عام لوگوں کا خون نہ بہایا جائے، دہشت گردی کے خاتمے کا حل سیاسی طریقے سے تلاش کرنا چاہیے۔