ویب ڈیسک: پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے اسپنر نعمان علی نے سابق لیجنڈ اسپنر عبدالقادر کا 37 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے یہ کارنامہ جنوبی افریقا کے خلاف قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں انجام دیا۔ نعمان علی نے کیریئر کے 16ویں سے 20 ویں ٹیسٹ کے دوران 46 وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ عبد القادر نے 48 ویں سے 52 ویں ٹیسٹ میں 44 وکٹیں لی تھیں۔
نعمان علی نے ٹیسٹ میچ میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ پچھلے 12 ماہ کے دوران دنیا کے سب سے کامیاب اسپنر بھی ہیں۔
اس سال کے آغاز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں انہوں نے 6 اور دوسرے ٹیسٹ میں 10 وکٹیں لی تھیں جبکہ انگلینڈ نے خلاف سیریز میں نعمان علی نے ملتان میں 11 اور راولپنڈی میں 9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
خیال رہے کہ پاکستانی اسپنر نے گزشتہ روز ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بھی اپنا نام ریکارڈ بک میں درج کرایا تھا۔ انہوں نے جنوبی افریقا کیخلاف 6 وکٹیں حاصل کیں، یہ نواں موقع تھا جب انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں پانچ یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح وہ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے لیفٹ آرم اسپنر بن گئے ہیں۔ اس سے قبل یہ اعزاز اقبال قاسم کے پاس تھا جنہوں نے آٹھ مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ میں پانچ یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کی تھیں۔