آصف زرداری نے آئین کو اصل شکل میں بحال کیا

آصف زرداری نے آئین کو اصل شکل میں بحال کیا
کراچی ( ویب ڈیسک )پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جمہوری نظام ہی ملک میں شہری و سیاسی حقوق کی پاسداری اور متوازن معاشرے کی تشکیل کو یقینی بنا سکتا ہے، اس پر کوئی دو رائے نہیں کہ مضبوط جمہوریت اور مضبوط پاکستان لازم و ملزوم ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک میں جمہوریت کے لیئے طویل و تاریخی جدوجہد کی ہے، پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں۔ پی پی پی چیٸرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بیان میں کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے آئین کو اصل شکل میں بحال کیا، اپنے صدارتی اختیارات کو پارلیمان کے حوالے کیا، مردِ حر نے مفاہمت کے ذریعے وسیع و جامع حکومت تشکیل دی، آج پی پی پی قیادت کی تیسری نسل "طاقت کا سرچشمہ عوام ہے" کا پرچم اٹھائے میدانِ جدوجہد میں کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو نے قوم کو متفقہ آئین کا تحفہ دیا، جس کی اساس جمہوریت ہے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بحالیِ جمہوریت کے لیئے دو آمروں کے خلاف جدوجہد کی، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوری اداروں کو مضبوط کیا اور پسماندہ طبقات کو اقتدار کے اعلیٰ ایوانوں میں نمائندگی دی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ناجائز و ناکام ترین حکومت کو عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے دے گی نہ اسے ریاست کے کسی ستون سے کھیلنے کی اجازت، سلیکٹڈ حکومت کی جانب سے ہر مخالف آواز کو دبانے اور انتقام کا نشانہ بنانے کا مقصد جمہوریت کو کمزور کرنا ہے، کٹھ پتلیوں نے ایک پاکستان میں پاکستانیوں کو دو گروہوں میں تقسیم کر دیا ہے، جبکہ اس ملک کو اس کے بانیان نے ایک مملکت کے طور پر قائم کیا تھا۔

Watch Live Public News