ملک میں جدید اور تیز رفتار ٹرین سروس شروع کرنے کا فیصلہ

ملک میں جدید اور تیز رفتار ٹرین سروس شروع کرنے کا فیصلہ
کیپشن: ملک میں جدید اور تیز رفتار ٹرین سروس شروع کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: پاکستان میں جدید اور تیز رفتار ٹرین سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان سفر صرف 20 منٹ میں طے کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان جدید اور تیز رفتار ٹرین سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے ذریعے جڑواں شہروں کے درمیان سفر صرف 20 منٹ میں مکمل کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی اور چیئرمین سی ڈی اے حنیف عباسی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں طلال چوہدری اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں مارگلہ سے راولپنڈی صدر تک ریل منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ ٹریک وزارت ریلوے فراہم کرے گی۔ ٹرین سروس کا انتظام سی ڈی اے کرے گا۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ منصوبے کے فریم ورک ایگریمنٹ کو حتمی شکل دے کر اگلے ہفتے دستخط کیے جائیں گے۔ منصوبے کے لیے جدید ٹرینیں درآمد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے حنیف عباسی نے کہا کہ اس منصوبے سے شہریوں کو تیز رفتار، آسان اور معیاری سفری سہولت میسر آئے گی۔

محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا یہ وژن عوام کو سہولت فراہم کرنا ہے اور اس منصوبے سے ہزاروں شہری مستفید ہوں گے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ ٹرین سروس کم لاگت اور تیز رفتار سفر فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم کرے گی۔

Watch Live Public News