گاڑیوں کے روٹ پرمٹس کے اجرا اور رجسٹریشن کے لیے آن لائن پورٹل

گاڑیوں کے روٹ پرمٹس کے اجرا اور رجسٹریشن کے لیے آن لائن پورٹل

ویب ڈیسک: محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے کمرشل گاڑیوں کے روٹ پرمٹس کے اجرا اور رجسٹریشن کے لیے آن لائن پورٹل باقاعدہ شروع کر دیا ۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ  روٹ پرمٹس کے اجرا اور سرٹیفکیٹس کی فراہمی کا عمل مکمل طور پر آن لائن ہوگا اور مینول سسٹم ختم کر دیا گیا ہے، منتقلی کا عمل ہموار اور شفاف بنانے کے لئے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو اس تبدیلی سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ نے 2024 میں صوبے کے ٹرانسپورٹ نظام کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے “آٹومیشن آف پی ٹی اے، آر ٹی ایز اور ایم وی آئیز” کے منصوبے کا آغاز کیا تھا۔

پہلے مرحلے میں مارچ 2025 میں گاڑیوں کی رجسٹریشن، فزیکل انسپیکشن اور فٹنس سرٹیفکیٹس کے اجرا کے لیے آن لائن پورٹل لانچ کیا گیا تھا۔

کراچی میں دو نئے ویہیکل فٹنس سینٹرز ذوالفقارآباد آئل ٹینکرز ٹرمینل (ملیر) اور دوسرا ابراہیم حیدری (کورنگی) میں قائم کئے گئے۔

صرف چار ماہ کے اندر 35 ہزار سے زائد گاڑیوں کو فٹنس سرٹیفکیٹس جاری ہو چکے ہیں، بغیر فٹنس گاڑیوں کا ڈیٹا ٹریفک پولیس اور موٹر وے پولیس سے بھی شیئر کیا جا رہا ہے۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے مزید فٹنس سینٹرز کراچی سمیت سندھ کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

آن لائن سسٹم کے ذریعے ٹرانسپورٹرز کو یہ سہولت حاصل ہوگی کہ وہ دفتر آئے بغیر روٹ پرمٹس کے اجرا یا تجدید کے لیے درخواست دے سکیں۔

گاڑی مالکان کو پرمٹ کی تجدید کے لیے میعاد ختم ہونے سے 15 روز قبل ایس ایم ایس بھی بھیجا جائے گا،ڈجیٹلائزیشن کے نظام سے شفافیت کو فروغ ملے گا، بغیر استعمال پرمٹس منسوخ ہوں گے اور محکمے کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔

Watch Live Public News