موٹر سائیکل ،رکشہ مالکان کو ہفتہ وار 500 جبکہ چھوٹی گاڑیوں کو 10 دن میں 1000 روپے ریلیف ملے گا

موٹر سائیکل ،رکشہ مالکان کو ہفتہ وار 500 جبکہ چھوٹی گاڑیوں کو 10 دن میں 1000 روپے ریلیف ملے گا

(ویب ڈیسک): وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں عام شہریوں کو پیٹرولیم مصنوعات پر براہِ راست ریلیف فراہم کرنے سمیت ملکی معیشت اور توانائی کے شعبے کے لیے اہم فیصلوں کی توثیق کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ای سی سی نے ریلیف اسکیم کے تحت 75 ارب روپے کے فنڈز کی باضابطہ منظوری دے دی۔ موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان کو ہفتہ وار 500 روپے کا ایندھن ریلیف دیا جائے گا جبکہ 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کے لیے ہر 10 دن میں 1,000 روپے کا ریلیف منظور کیا گیا ہے۔

یہ ریلیف صرف نان کمرشل گاڑیوں اور فی فرد صرف ایک گاڑی کے لیے محدود ہوگا۔اسکیم کی شفاف فراہمی کے لیے وزارتِ آئی ٹی باضابطہ "فیول پاس سسٹم" قائم کرے گی۔

اس کے علاوہ ای سی سی نے 2 لاکھ میٹرک ٹن زائد چینی برآمد کرنے کی باضابطہ اجازت دے دی۔مقامی مارکیٹ میں چینی کی دستیابی، ترسیل اور قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے حفاظتی اقدامات کی بھی توثیق کی گئی۔

ای سی سی اجلاس میں ستمبر 2027 میں پاکستان میں شیڈول شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کانفرنس کے انتظامات کے لیے 3 ارب روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔کانفرنس میں شریک غیر ملکی سربراہانِ مملکت کی فول پروف سیکیورٹی کے لیے 15 بلٹ پروف سیڈان گاڑیاں خریدی جائیں گی۔

اس کے علاوہ براؤن فیلڈ آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن کے لیے مسودہ معاہدے کی منظوری دی گئی، جن کے منصوبے 5 سال کی مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں گے۔آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کے کلیمز کی شفاف تصدیق کے لیے عبوری میکانزم کی بھی منظوری دے دی گئی۔پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کی ری اسٹرکچرنگ کے ریگولیٹری فریم ورک کی باضابطہ توثیق کر دی گئی۔

دوسری جانب، استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمدی پالیسی کے معیار اور ضوابط پر فیصلہ فی الحال مؤخر کر دیا گیا۔

Watch Live Public News