ہم انتقام نہیں لیں گے لیکن قانون اپنا راستہ اپنائے گا

ہم انتقام نہیں لیں گے لیکن قانون اپنا راستہ اپنائے گا
لاہور: نومنتخب وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ہم انتقام نہیں لیں گے لیکن قانون اپنا راستہ اپنائے گا، ہماری حکومت عوامی حکومت ہوگی، عوام اور حکومت کے درمیان خلا کو ہم ختم کریں گے۔ وزیر اعلی پنجاب منتخب ہونے کے بعد پنجاب اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے ساتھ دینے پر پیپلزپارٹی کے حسن مرتضیٰ، پی ٹی آئی کے عبد العلیم خان اور جہانگیرترین سمیت دیگر کا شکریہ ادا کیا۔ نومنتخب قائد ایوان حمزہ شہباز نے خطاب میں کہا کہ آج جمہوریت کی فتح ہوئی ہے، ڈپٹی اسپیکر کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ،لاہور ہائیکورٹ نے ڈپٹی اسپیکر کو اختیارات دیے لیکن آج آئین وقانون کا مذاق اڑاتے ہوئے ڈپٹٰی اسپیکر پر حملہ کردیا گیا۔ حمزہ شہباز نے ایوان سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اتحادیوں کیساتھ مل کر نیا اسپیکر لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری پر تشدد پر ایوان کی ان ہاؤس کمیٹی بنا کر آج ہونے والے واقعے کی بھرپور انکوائری کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم انتقام نہیں لیں گے لیکن قانون اپنا راستہ اپنائے گا، اچھے پولیس افسران اور اچھے بیوروکریٹ لےکرآئیں گے۔ ہماری حکومت عوامی حکومت ہوگی، عوام اور حکومت کے درمیان خلا کو ہم ختم کریں گے۔ نومنتخب وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ آج صرف قوم نے توشہ خانے کا حساب مانگا ہے، جب اپنی تلاشی کی باری آتی ہے توکہتےہیں سفارتی تعلقات خراب ہوں گے۔ واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے بعد ہونے والے وزیراعلیٰ کے انتخاب میں مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوگئے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔