وزیر اعظم کی چینی کی سمگلنگ ، ذخیرہ اندوزی کیخلاف بڑے کریک ڈاؤن کی منظوری

وزیر اعظم کی چینی کی سمگلنگ ، ذخیرہ اندوزی کیخلاف بڑے کریک ڈاؤن کی منظوری
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کی سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت لاہور میں منعقدہ اعلی سطح اجلاس میں فیصلہ کیا گیا، وزیراعظم نے ناجائز منافع خوری اور سمگلنگ کی اطلاعات پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ سمگلنگ کے تدارک کے لیے وزیراعظم نے کل اسلام آباد میں اعلی سطح اجلاس طلب کر لیا ہے، اجلاس میں چینی سمیت دیگر اشیاء کی سمگلنگ کے خاتمے کے لئے ملک گیر کارروائی کی حکمت عملی تیار ہو گی۔ وزیراعظم نے سمگلنگ ، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث کرداروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے، سخت سزا دینے کی ہدایت کی ہے۔ اس حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو سمگلروں ، ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، عوام کو ستانے والوں سے حساب لیں گے ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کو صوبے میں چینی کی قیمت کنٹرول کرنے کے لئے موثر اقدامات اور نگرانی کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے صوبائی حکومت کو طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت تاکہ سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزوں سے پکڑی جانے والی چینی عوام کو معیاری قیمت پر فراہم ہو سکے۔ وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو چینی مل مالکان سے ملاقات کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مل کر چینی کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کے اقدامات کریں ۔ گزشتہ ہفتے بھی وزیراعظم نے اس مسئلہ پر اسلام آباد میں اجلاس منعقد کیا تھا، وزیراعظم کے اقدامات سے چینی کی قیمت 92 روپے کلو پر واپس آئی تھی۔ اجلاس میں نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی ، وزیراعظم کے معاون خصوصی احد چیمہ، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری خوراک پنجاب، آئی جی پولیس پنجاب اور دیگر حکام شریک ہوئے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔