بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں پاک فوج کا کردار

کیپشن: بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں پاک فوج کا کردار

پبلک نیوز: بلوچ عوام کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے جڑی ہے۔

تفصیلا ت کے  مطابق اس ضمن میں پاک فوج اور حکومت بلوچستان نے صوبے میں امن و استحکام کی بحالی کے لئے اہم کردار ادا کیا، پاک فوج نہ صرف صوبے میں بحالی امن کے لئے کوشاں ہے بلکہ تعلیم، صحت سمیت سماجی اور اقتصادی ترقی کے لئے بھی مصروف عمل ہے،اس سلسلے میں بلوچستان کی سلامتی کے لئے مشکلات کے باوجودپاک فوج نے مقامی عوام میں بیداری کی مہم چلائی۔

آگاہی مہم کے بعد عوام کو مرکزی دھارے میں لانے کے لیے حوصلہ افزائی کی گئی،اس مہم کے نتیجے میں عسکریت پسندی میں ملوث افراد نے ہتھیار ڈال دیے اور عام زندگی گزارنے کے لیے دوبارہ قومی دھارے میں شامل ہونا شروع کر دیا، پاکستان کی مسلح افواج نے بلوچستان کی ترقی کے لیے متعدد منصوبے شروع کیے ہیں اور بلوچوں کی خوشحال اور بامقصد زندگی گزارنے کی صلاحیت کو فروغ دیا ہے، ان منصوبوں میں ڈی سیلینیشن پلانٹس، کیڈٹ کالجز، ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کا قیام شامل ہے۔

گوادر پورٹ اور سی پیک سے ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا، سی پیک (CPEC)میں ہزاروں چینی انجینئرز، ورکرز اور چینی حکام کو سیکیورٹی بھی پاک فوج نے ہی فراہم کی، پاک فوج نے سی پیک منصوبے کو سبوتاژ کرنے کے لئے دشمنوں کے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔

 اس حوالے سے چینی وزیر برائے قومی دفاع نے علاقائی امن کے لیے پاک فوج کی مخلصانہ کاوشوں اور سی پیک منصوبوں کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی کو بھی سراہا،بلوچستان میں سب سے اہم او ر ضروری پہلو بلوچ آبادی کے لوگوں میں بنیادی تعلیم کا فروغ تھا،تعلیم کے فقدان نے بلوچستان کی عوام اور نسلوں کو درحقیقت شرپسندوں کے لئے یرغمال بنائے رکھا۔

پاک فوج اور حکومت بلوچستان نے مقامی تعلیمی اداروں کو متحرک کرتے ہوئے صوبے کے مختلف دور دراز علاقوں میں تعلیم کے فروغ کے لیے نئے ادارے قائم کیے ،جن نوجوانوں کو شرپسندوں نے دہشتگردی کے طور پر استعمال کیا آج وہ سکولوں اور کالجوں میں جانے لگ گئے ہیں،آج انہی تعلیمی اداروں سے تعلیم یافتہ نوجوان افواج پاکستان میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ سڑکوں، تعلیمی سہولیات، پانی کے نظام اور طبی سہولیات کی فراہمی میں پاک فوج نے بلوچستان کی ترقی کے لئے مثبت کردار ادا کیا،ریکوڈک منصوبہ وفاقی و صوبائی حکومتوں اور بلوچستان کے عوام کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا،ریکوڈک ممکنہ طور پر دنیا کی سب سے بڑی سونے اور تانبے کی کان ہوگی، یہ منصوبہ پاکستان کو قرضوں سے نجات دلانے اور ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس سے نہ صرف پاکستان کا سرمایہ کارانہ دوست تاثر بحال ہو گا بلکہ اس سے بڑے اقتصادی فوائد بھی حاصل ہوں گے، بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بحال ہونے پر غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میں پہلے سے زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں، آج پاک فوج کی زبردست کاوشوں اور قربانیوں کی بدولت بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔