امیدنہیں چھوڑنی اور مایوس نہیں ہونا،آرمی چیف کا اوورسیز پاکستانیوں کو پیغام

امیدنہیں چھوڑنی اور مایوس نہیں ہونا،آرمی چیف کا اوورسیز پاکستانیوں کو پیغام
کیپشن: امیدنہیں چھوڑنی اور مایوس نہیں ہونا،آرمی چیف کا اوورسیز پاکستانیوں کو پیغام

ویب ڈیسک: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اوورسیز پاکستانیوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی قوم کے عزم، حب الوطنی اور عزم کو سراہا، جہاں ان کے خطاب کے دوران پاکستان زندہ باد اور پاکستان کا مطلب کیا کے نعرے گونجتے رہے۔

تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں پاکستان کی دفاعی طاقت، برین گین کی اہمیت، اور بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے عزم کا اعادہ کیا۔

آرمی چیف نے دو قومی نظریے اور پاکستان کی کہانی نئی نسل تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان کی ترقی میں اوورسیز پاکستانیوں کا کردار نا صرف قابلِ قدر ہے بلکہ وہ پاکستان کے سفیر بھی ہیں۔

انہوں نے کہا آپ صرف پاکستان کے سفیر ہی نہیں، بلکہ پاکستان کی وہ روشنی ہیں جو پوری دنیا کو روشن کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دہشتگردوں کی دس نسلیں بھی بلوچستان اور پاکستان کا کچھ  نہیں بگاڑ سکتیں، آرمی چیف

 آرمی چیف نے دہشت گردوں کے خلاف ملک کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ "مٹھی بھر دہشتگرد پاکستان کو روشن مستقبل کی جانب بڑھنے سے نہیں روک سکتے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے سکیورٹی اداروں میں جو بغاوت کی کوششیں کرتے ہیں وہ پاکستان کے دشمن ہیں اور ان دہشت گردوں کی دس نسلیں بھی بلوچستان اور پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔

خطاب میں آرمی چیف نے کشمیر کے بارے میں بھی واضح طور پر کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا  اور کہا کہ پاکستانیوں کا دل ہمیشہ غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔

انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو پیغام دیا کہ ہمیں امید نہیں چھوڑنی اور مایوس نہیں ہونا، اور میں چاہتا ہوں کہ اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی فخر کے ساتھ کریں۔

Watch Live Public News