ویب ڈیسک: سعودی عرب کی جانب سے 2 ارب ڈالر پاکستان کو موصول ہو گئے ہیں، جس سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا ملا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تصدیق کی ہے کہ سعودی وزارت خزانہ سے یہ رقم 15 اپریل 2026 کو پاکستان کو موصول ہوئی۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر کی مالی معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں ماہ متحدہ عرب امارات کو 3.5 ارب ڈالر کی ادائیگی متوقع ہے، جو سرکاری زرمبادلہ ذخائر کا تقریباً 18 فیصد بنتی ہے، تاہم سعودی معاونت سے اس ادائیگی کے باعث پڑنے والا دباؤ کم ہو جائے گا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب نے 5 ارب ڈالر کے پہلے سے موجود ڈپازٹس کو بھی طویل مدت کے لیے برقرار رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے، جس سے پاکستان کے بیرونی کھاتے کے استحکام میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔