ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم مرطوب اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے ساتھ ساتھ بارش کا امکان ہے۔ حکام کے مطابق بارش کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بھی بڑھ سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پشاور، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی، چترال، دیر، سوات، بونیر اور مالاکنڈ سمیت بالائی اضلاع میں بارش متوقع ہے۔ اسی طرح باجوڑ، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ہری پور اور ایبٹ آباد کے کئی علاقوں میں بھی موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق قبائلی اضلاع خیبر، مہمند، کرم اور اورکزئی کے علاوہ جنوبی اضلاع بنوں، کوہاٹ، ہنگو، کرک اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں بھی بارش کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں بارش کے ساتھ ساتھ آندھی اور تیز ہواؤں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں کے نتیجے میں چترال، سوات، بونیر، دیر، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، تورغر، ایبٹ آباد اور مانسہرہ جیسے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ اس تناظر میں شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
گزشتہ روز بھی صوبے کے مختلف اضلاع میں بارش ہوئی جس کے باعث درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش تیمرگرہ میں ریکارڈ کی گئی جہاں 98 ملی میٹر بارش ہوئی۔ مالم جبہ میں 76 ملی میٹر، کاکول میں 64 ملی میٹر جبکہ بالاکوٹ اور سیدو شریف میں 41 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
درجہ حرارت کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پشاور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ زیادہ سے زیادہ 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ مالم جبہ میں 16 اور کالام میں 17 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔